
ملتان میں پیدا ہونے والے انضمام اس وقت قدرے غیر معروف کرکٹر تھے جب انہیں سنہ انیس سو بانوے کے عالمی کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ یہاں تک کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں تیز وکٹ پر مشکل کا شکار ہونے کے بعد انہوں نے پاکستان کے مایہ ناز کپتان عمران خان سے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیلنا چاہتے۔ عمران خان کے اصرار پر انضمام یہ میچے کھیلے اور صرف سینتیس گیندوں پر ساٹھ رنز بنا کر ایک ہارے ہوئے میچ کا پانسا پلٹ دیا۔ انہوں نے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی دکھائی اور نہایت تیز بیالیس رنز بنا کر پاکستان کے ٹوٹل کو وہاں لےگئے جسے گراہم گوچ کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
|